بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ کا شام میں فوج بھیجنے پر غور
لندن (خصوصی رپورٹر/خالد ایچ لودھی) شام کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر برطانوی حکومت شامی سرزمین پر فوجیں اُتارنے پر غور کر رہی ہے۔ افواج کے سربراہ سر ڈیوڈ رچرڈز نے برطانوی وزارت دفاع میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا محدود حد تک شام میں برطانوی افواج مداخلت کریں گی اور وہ بھی اس صورت میں اگر شامی عوام نے برطانوی افواج کے ساتھ تعاون کیا اور صدر بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے میں شامی عوام کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اقدام اس بناءپر بھی ضروری ہے کہ شام کی سرزمین سے اسرائیلی سرحد کے قریب گولان کی پہاڑیوں پر مارٹر گولے فائر کئے گئے جس کے جواب میں اسرائیلی فوجی چوکیوں سے بھی جوابی کارروائی کی گئی۔ اسرائیلی فوجی مشیروں کے مطابق اب آئندہ شام کی جانب سے فوجی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسرائیل اور شام کے مابین متنازعہ علاقے پر 1973ءمیں جنگ بھی ہو چکی ہے۔