پرویز الہی تعصب کی عینک اتاریں اور صوبے میں خوشحالی دیکھیں: رانا ثنائ
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ نمائشی نائب وزیر اعظم پرویز الٰہی پنجاب حکومت کے خلاف بغض اور کینہ کے لا علاج امراض کاشکار ہو چکے ہیں اور سیاسی طور پر زندہ رہنے کے لئے ان کے پاس اب اخباری بیانات کے سوا کوئی چارہ نہیں رہ گیا۔ چوہدری پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں تو انہیں معلوم ہو گا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں صوبے میں خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پوری دنیا میں پنجاب کی شفافیت اور میرٹ پالیسی کی تعریف کی جا رہی ہے اور دوسرے صوبے بھی پنجاب کی گڈ گورننس کو رول ماڈل قرار دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پرویز الٰہی اینڈ کمپنی نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر کمیشن کھانے کے چکر میں اپنے نام کی تختیاں لگوائیں اور منصوبوں کو ادھورا چھوڑ دیا۔ چوہدری برادران اپنی کرپشن کو چھپانے کے لئے زر بابا کی گود میں جا بیٹھے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے ساتھی انہیں چھوڑتے جا رہے ہیں اور ق لیگ اپنے انجام کو پہنچ رہی ہے۔