• news

شادمان چوک کا نام بھگت سنگھ رکھنا نظریہ پاکستان پر حملہ ہے، دینی، تاجر تنظیمیں

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک حرمت رسول پاکستان اور تاجر تنظیموں نے شادمان چوک کا نام بھگت سنگھ چوک رکھنے کی حکومتی کوششوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے اسلام اور نظریہ پاکستان پر حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بعض بھارت نواز عناصر ہندو بنئے کو خوش کرنے کیلئے اس طرح کی مذموم حرکتیں کر رہے ہیں لیکن ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے پاکستان میں تبدیلیوں کی خواہشات کسی صورت پوری نہیں ہونے دیں گے۔ مقامی تاجر تنظیموں اور اہل لاہور نے شادمان چوک کا نام حرمت رسول چوک رکھ دیا ہے اگر کسی نے اسے تبدیل کر کے ہندو دہشت گرد بھگت سنگھ کے نام پر رکھنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف مذہبی جماعتیں اور تاجر تنظیمیں متحد ہو کر بھرپور تحریک چلائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک حرمت رسول پاکستان کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ، حافظ محمد عاکف سعید، قاری زوار بہادر، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی، ڈاکٹر فریداحمد پراچہ، قاری محمد یعقوب شیخ،مولانا محمد امجد خان، انجمن تاجران شاد مان مارکیٹ کے صدر زاہد بٹ،مولانا محمد شفیع جوش، مولانا سیف الدین سیف، قاری محمد یوسف احرار، حافظ محمد مسعود، مرزا محمد ایوب بیگ،محمد یحییٰ مجاہد، حافظ خالد ولید،مولا نا محمد عاصم مخدوم، علی عمران شاہین و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

ای پیپر-دی نیشن