گیلانی درست تھے، عدالت کے کہنے پر خط کے حوالے سے آئینی حل نکالا: قمر کائرہ
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان خراب کرنے میں کوئی سیاسی جماعت ملوث نہیں، یہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے اثرات کا نتیجہ ہے۔گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مفاہمت کی سیاست کی بدولت سیاسی انتقام کی فضاختم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جن لوگوں نے اسٹیبلشمنٹ کے سہارے الیکشن لڑا ہے وہ پہلی بار بغیر کسی سہارے کے انتخابات میں حصہ لیں گے،اس لئے وہ خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہونگے اور پارلیمنٹ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی آئینی طور پر صحیح تھے‘ عدالت نے کہا کہ خط لکھنے کے حوالے سے درمیانی راستہ نکالیں، اس لئے آئینی حل نکالا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں اشیاءکی قیمتیں بھڑنے سے ملک میں مہنگائی آئی ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے لوگوں کو روزگار دیا اور ایک ایسے وقت میں جبکہ پوری دنیا میں کہیں بھی تنخواہیں نہیں بڑھیں لیکن ہم نے ان میں اضافہ کیا ہے۔