عدالتی خبریں
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ وقائع نگار خصوصی) احتساب عدالت نے بینک آف پنجاب کے ریفرنس کی سماعت کی اور مزید سماعت آج ملتوی کر دی۔ ٭ انسانی حقوق و ادبی لائرز فورم کی جانب سے گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ بار کے کراچی ہال میں مصنف چودھری غلام حسین کی کتاب میری ”شمع زندگانی“ کی تقریب رونمائی ہوئی۔ ٭ لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس ملک منظور احمد نے ایک کنال اراضی کے معاملہ میں درخواست گزار سراج دین کے خلاف تھانہ اسلام پورہ کی جانب سے درج مقدمہ کے اخراج کے لئے درخواست پر متعلقہ تھانہ سے جواب طلب کر لیا۔٭ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیشن و سول عدالتوں میں دفتری اوقات کار صبح 9بجے سے شام 4بجے تک ہوں گے۔٭ لاہور ہائی کورٹ کے روبرو الیکشن کمیشن پاکستان، چیف سیکرٹری پنجاب اور مقامی پبلشرز کو فریق بناتے ہوئے پاکستان تحریک انقلاب کے چیئرمین رانا علم الدین ایڈووکیٹ نے رٹ درخواست دائر کر دی ہے۔ ٭ لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال کی صدارت میں منعقد ہوا۔٭ ماتحت عدالتوں کے ججوں نے احکامات کی عدم تعمیل پر ایس ایچ او سمیت 5پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے٭ ایڈیشنل سیشن جج چودھری غلام مرتضیٰ نے خاتون کرن بی بی کی درخواست پر نابالغ بچے والد سے لے کر والدہ کے حوالے کر دیے۔ ٭ ایڈیشنل سیشن جج چودھری منیر احمد نے ضلع کچہری مال خانہ کے سابق انچارج کو مال خانہ سے مال خرد برد کرنے پر ساڑھے چار سال اور اس کے ساتھی کو 1سال 9ماہ قید کی سزا سنا دی٭کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے قتل کے ملزم شیر محمد کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔٭ ساتھیوں نے مل کر باپ کو قتل کرنے والی بیٹی کی ضمانت خارج کرانے کے لئے مقتول کی بیوہ عدالت پہنچ گئی۔