• news

سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان بھارت کے درمیان میچ برابر‘ آسٹریلیا‘ جرمنی کامیاب

لاہور/جوہربارو (سپورٹس رپورٹر/اے پی پی) دوسرے سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والے میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہو گیا۔ دونوں ٹیموں کو میچ میں گول کرنے کے کئی مواقع میسر آئے لیکن فارورڈ کھلاڑی اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ جوہر بارو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان ٹیم کو کھیل کے 39 ویں منٹ میں واحد شاٹ کارنر ملا تاہم محمد عرفان بال کو جال کی راہ دکھانے میں ناکام رہے۔ میچ کا اختتام بغیر کسی گول کے ہوا۔ ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم سات پوائٹنس کے ساتھ پہلے جبکہ پاکستان کی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ پاکستان جونیئر ٹیم نے نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف میچ برابر کھیلے تھے جبکہ آسٹریلیا کے ہاتھوں اسے پانچ ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پہلے میچ میں جرمنی نے کیوی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر پہلی فتح سمیٹی۔ آسٹریلیا نے میزبان ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے زیر کیا۔ آج مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گا۔ پہلے میچ میں آسٹریلوی ٹیم جرمنی کے مدمقابل ہو گی، دوسرا میچ نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم ملائیشیا سے نبردآزما ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن