• news

دورہ آسٹریلیا کیلئے 18 رکنی قومی ہاکی سکواڈ کا اعلان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ایم عمران ٹیم کو کپتان جبکہ وقاص شریف کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و مینجر اختر رسول اور کوچ حنیف خان نے جوہر ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سلیکشن کمیٹی کے ختم ہونے کے بعد پہلی مرتبہ قومی ٹیم مینجمنٹ نے ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں جاری قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل جمعہ کو اختتام پذیر ہو جائے گا جبکہ قومی ٹیم دورہ آسٹریلیا کے لیے 20 نومبر کی علی الصبح روانہ ہو جائے گی۔ قومی ٹیم دورہ آسٹریلیاکا آغاز پرتھ میں نائن اے سائیڈ انٹرنیشنل سپر سیریز سے کرے گی جو 22 سے 25 نومبر تک کھیلا جائیگا بعدازاں قومی ٹیم میلبورن روانہ ہو جائے گی جہاں وہ 34ویں چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی یہ ٹورنامنٹ یکم سے 9 دسمبر تک کھیلا جائیگا۔ دورہ آسٹریلیا کے لئے اعلان کردہ قومی سکواڈ میں عمران شاہ، عمران بٹ، محمد عمران، محمد عتیق، سید کاشف شاہ، وسیم احمد، محمد توثیق، فرید احمد، راشد محمود، محمد رضوان جونیئر، محمد وقاص شریف، شفقت رسول، عمر بھٹہ، عبدالحسیم خان، شکیل عباسی، محمد کاشف علی، محمد رضوان سینئر اور علی شان شامل ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم مینجمنٹ میں اختر رسول ہیڈ کوچ و مینجر، حنیف خان کوچ، اجمل خان لودھی اور احمد عالم معاون کوچ، فیض الرحمان فزیوتھراپسٹ جبکہ ندیم خان لودھی ویڈیو انالسٹ ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن