میرپور ٹیسٹ: چندرپال کی ڈبل سنچری‘ ویسٹ انڈیز نے 527 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر دی
میرپور (اے پی پی) بنگلہ دیش نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالےے اور اسے ویسٹ انڈین ٹیم کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 363 رنز کی ضرورت تھی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 527 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے 361 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو شیونارائن چندرپال 123 اور دنیش رامدین 52 رنز پر کھیل رہے تھے۔ دوسرے روز چندرپال نے ڈبل سنچری جبکہ دنیش رامدین بھی کیریئر کی تیسری سنچری بنانے میں کامیاب رہے، دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 296 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنا دیا، 527 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے اننگز ڈیکلیئر کر دی، چندرپال 203 اور رامدین 126 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ سوہاگ غازی نے تین اور شہادت حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 25 رنز پر جنید صدیقی آﺅٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 7 رنز بنائے، تمیم اقبال نے شہریار نفیس کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 88 کے مجموعی سکور پر شہریارنفیس کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 31 رنز بنا کر روی رامپال کی گیند کا نشانہ بنے، 119 کے مجموعی رنز پر ڈیرن سیمی نے تمیم اقبال کی اننگز کا خاتمہ کر دیا، انہوں نے 72 رنز بنائے۔ دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیشی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالئے اور اسے ویسٹ انڈیز کی اننگز کی برتری ختم کرنے کےلئے مزید363 رنز درکار تھے۔ روی رامپال نے 2 اور ڈیرن سیمی نے ایک وکٹ حاصل کی۔