گیلانی کو نوٹس پر حسین اصغر سے جواب طلب‘ سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی پر وارننگ
اسلام آباد (اے پی پی) ایف آئی اے کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو دئیے جانے والے نوٹس کے معاملے پر قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی کے باعث اب پیر کو ہوگا۔ جمعرات کو اجلاس کمیٹی کے چیئرمین چوہدری عبدالغفور کی زیرصدارت ہوا ۔ کمیٹی کی طلبی پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے انور ورک اجلاس میں پیش ہوئے۔ چیئرمین کے استفسار پر ڈی جی ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم کو نوٹس جاری کرنے والے افسر حسین اصغرکے حوالے سے بتایا ان کے حاضر ہونے کے حوالے سے انہیں علم نہیں۔ سیکرٹری داخلہ خواجہ صدیق اکبر کے حاضر نہ ہونے پر کمیٹی نے انہیں ڈیڑھ گھنٹے میں پیش ہونے کی ہدایت کی اور اس وقت تک اجلاس کی کارروائی معطل کردی، جب اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو سیکرٹری داخلہ تو موجود نہیں تھے تاہم حسین اصغر اجلاس میں پہنچ گئے ۔کمیٹی نے حسین اصغر سے کہا آپ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے خاندان کو ہراساں کیا اور دھمکی دی ہے ‘ آپ اس الزام کا پارلیمنٹ کو تحریری جواب دیں۔ سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی پرکمیٹی نے انہیں وارننگ نوٹس جاری کیا اور اجلاس پیر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کرتے ہوئے کہا سیکرٹری داخلہ اس روز پیش نہ ہوئے توان کے وارنٹ جاری کردئیے جائینگے۔آن لائن کے مطابق ایف آئی اے نے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو آج 16 نومبر کو طلب کر رکھا ہے۔