محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا عاشورہ 25 نومبر بروز اتوار ہو گا
لاہور / کراچی (سٹی رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، یکم محرم جمعہ 16 اکتوبر جبکہ یوم عاشورہ 25 نومبر بروز اتوار ہوگا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت ہوا۔ پاکستان بھر میںصوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکواٹرز پر منعقد ہوئے۔ کراچی، جہلم، اسلام آباد، بٹل اور دیگر مقامات پر جمِّ غفیر نے چاند دیکھا اور شہادت دی مرکزی کمیٹی کے ارکان نے بھی خود چاند دیکھا، لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا یکم محرم الحرام 1434ھ جمعة المبارک 16 نومبر2012ءکو ہوگی اور عاشورہ¿ محرم اتوار 25نومبر کو ہوگا۔ اجلاس میں اہلِ پاکستان اور تمام امّت کو نئے قمری سال کی مبارکباد دی گئی۔ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے قوم سے اپیل کی گئی کہ ماہِ محرم الحرام میں امن وامان کے قیام میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔