کراچی میں قیام امن کیلئے کوششیں کر رہے ہیں کچھ روز تک حالات بہتر ہو جائینگے: وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت کراچی میں امن کے قیام کیلئے ہرممکن اقدام کر رہی ہے۔ کچھ دنوں میں حالات بہتر ہو جائیں گے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے بابر غوری، وسیم اختر، عبدالقادر خانزادہ اور آصف حسنین پر مشتمل وفد نے ملاقات کی اور انہیں کراچی کی صورتحال پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم پرویز اشرف نے وفد کو بتایا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ کراچی کے امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ ملاقات میں کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ کے وفد نے کراچی میں بدامنی پر وزیر اعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حالات کی بہتری کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کراچی میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں محرم کے دوران کسی کو حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بہترین سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ دریں اثناءوزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے چاروں صوبوں کے ارکان پارلیمنٹ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جن میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کو کمزور کرنے کا ایجنڈا ختم کر دیں گے۔ حکومت مدت پوری کرے گی اور وہی عام انتخابات کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سماج دشمن عناصر کے خاتمے کیلئے عوام سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے سب کو متحد ہونا ہو گا۔