• news

دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے پاکستان کی مدد کرنے کو تیار ہیں: امریکی سفیر

 اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں امر یکہ کے نئے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق معاہدے کو جلد حتمی شکل دینا چاہتے ہیں، مجوزہ معاہد ہ سے ایک دوسرے کے ملکوں میں سرمایہ کاری کرنے میں مدد ملے گی ، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے مدد کرنے کو تیار ہیں ، امریکہ افغانستان کو خطے میں تنہا چھوڑنے کی1990 کی غلطی نہیں دہرائے گا ، مریکہ اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ سیکورٹی کے معاہدے کے بارے میں رواں ہفتے کابل میں مذاکرات کا آغاز کررہے ہیں ۔ا فغان اعلیٰ امن کونسل کے وفد کے دورہ پاکستان سے افغانستان میں مفاہمت کے لئے ٹھوس اقدامات کی جانب پیش رفت میں مدد ملے گی۔ جمعرات کو سرکاری ریڈیو چینل کو اپنے انٹرویو میں انہوں نے افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل کے وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے افغانستان میں مفاہمت کے لئے ٹھوس اقدامات کی جانب پیش رفت میں مدد ملے گی۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکہ اور افغانستان اس ہفتے کابل میں دوطرفہ سکیورٹی کے معاہدے کے بارے میں بات چیت شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مجوزہ معاہدہ مستقل فوجی اڈوں سے متعلق نہیں کیونکہ امریکہ نے اس طرح کی سہولت طلب نہیں کی۔ اسکے بجائے مجوزہ معاہدے کے تحت 2014 کے بعد فوج کی موجودگی کے بارے میں لائحہ عمل اور قواعد وضوابط طے کئے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دیامر بھاشا ڈیم یہ ایک مہنگا منصوبہ ہے اس سلسلے میں فنڈ کا بندوبست کرنے کے لئے کنسورشیم اور کثیر الطرفہ ادارے قائم کیے جائیںگے ۔ اولسن نے کہاکہ امریکہ پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے متحرک طریقے سے پاکستان کی مدد کررہاہے۔ امریکہ نیشنل گرڈ میں چار سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے اور آئندہ سال مزید 900میگاواٹ بجلی کا ٹارگٹ پورا کرنے کےلئے ہائیڈرو الیکٹرسٹی پراجیکٹس کو اپ گریڈ کرنے میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان کے قبائلی علاقوں کی سماجی واقتصادی ترقی کے لئے بہت سے پروگراموں پر کام کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن