• news

مسئلہ کشمیر کا حل جہاد اور فوج نہیں مذاکرات ہے: عمران خان

میرپور (ظہیر اعظم جرال) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل جہاد اور فوج نہیں مذاکرات ہے، پاکستان کو درپیش مسائل کا حل قانون کی بالا دستی اور یکساں انصاف میں مضمر ہے، کراچی آج جل رہا ہے وہاں سب سے مقبول کاروبار بزنس مینوں کا اغواءبن چکا ہے، ظلم کے نظام کو آئندہ سال تحریک انصاف اقتدار میں کر ختم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی، خورشید محمود قصوری، ابرار الحق، تاشفین صفدر مرالہ، فوزیہ قصوری، مصدق خان و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ عمران خان نے کہا کہ اگر فوج ہی تنازعات کے حل کروا سکتی تو دنیا کی طاقتور امریکی فوج افغانستان میں ناکام نہ ہوتی اس لیے بھارت کے سیاستدان ہوش کے ناخن لیں اور کشمیریوں پر فوج کشی کی بجائے ان کے مسائل پر توجہ دے کشمیریوں کو آزادانہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیں اور انشاءاللہ آئندہ سال ہم اقتدار میں آکرخارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیرکو سر فہرست رکھیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے امریکہ کی جنگ میں الجھ کر ملک میں بدامنی پیدا کی ہوئی ہے ہمیں امریکی جنگ سے باہر نکلنا ہو گا۔ شاہ محمود نے کہا کہ ہم انتقامی سیاست کے خلاف ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل کریں گے کیونکہ ہم بھارت کے ساتھ اچھے ہمسائے کی طرح رہنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن