• news

پوری پیپلز پارٹی یوسف گیلانی کے ساتھ کھڑی ہے: قمر کائرہ

ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں سے دہشت گرد بھاگ کر کراچی میں جمع ہورہے ہیں۔ کراچی میں قبضہ مافیا اور بھتہ مافیا سمیت تمام شرپسند عناصر موجود ہیں۔ کسی سے دشمنی نہیں چاہتے، پیپلزپارٹی تمام سیاسی جماعتوں سے بہتر تعلقات قائم کر کے نئی روایت قائم کررہی ہے۔ اگلا الیکشن وقت پر ہوگا۔ نگران سیٹ اپ کیلئے ابھی بہت وقت ہے‘ اس وقت ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں‘ مشاورت کا عمل جاری رکھیں گے۔ پوری پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی کے ساتھ کھڑی ہے۔ یوسف گیلانی کا احتساب پیپلزپارٹی دور میں کیا گیا، جس کا انہوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ گیلانی خاندان کی عزت مجروح نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے کنڈی ماڈل فارم میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کے والد سابق ممبر قومی اسمبلی فضل کریم کنڈی کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت نے عدالت کی طرف سے خط لکھنے کا حکم پورا کر دیا ہے۔ کراچی کے حالات اتنے خراب نہیں، دہشت گرد بلوچستان، پنجاب اور خیبر پی کے سے بھاگ کر وہاں جمع ہوئے ہیں، حکومت ناکام نہیں ہوئی، کراچی کے حالات پر فکرمند ہیں۔ جب فنڈز لاہور اور اس سے ملحقہ علاقوں پر لگائے جائیں گے تو پنجاب کے عوام میں احساس محرومی پیدا ہو گا۔ سرائیکی صوبہ پنجاب کے عوام کا حق ہے۔ کمیشن بنا دیا گیا ہے جس کے بعد سرائیکی صوبے کے مسئلے کو سینٹ اور قومی اسمبلی میں لائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن