کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر صوبائی کابینہ کے ارکان کی تنقید، شرمیلا رو پڑیں
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ وسیم احمد نے امن و امان پر بریفنگ میں سب کو چونکا دیا۔ ارکان نے بریفنگ پر شدید تنقید کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اغواءبرائے تاوان کا کوئی کیس نہیں جبکہ ہائی ویز پر کوئی ڈکیتی نہیں ہو رہی۔ کراچی میں جرائم کا تناسب فیصل آباد سے بھی کم ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں سے اغواءبرائے تاوان کا صرف ایک، ایک کیس ہے۔ کراچی کے حالات پر بات کرتے ہوئے صوبائی مشیر شرمیلا فاروقی رو پڑیں۔ اراکین سندھ کابینہ نے سندھ اور کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے کہا کہ ڈاکوﺅں نے لائٹ مشین گنیں فکس کر رکھی ہیں حبکہ سیکرٹری داخلہ کہتے ہیں سب ٹھیک ہے، کراچی کے حالات ٹھیک نہیں۔ دریں اثنا محرم میں خراب صورت حال پر پاک فوج انتظام سنبھال سکتی ہے۔ پاک فوج کے کمانڈرز نے بریگیڈئر حامد کی قیادت میں پولیس اور رینجرز کے ساتھ گشت کیا۔ آرمی کمانڈرز نے بلدیہ ٹاﺅن اورنگی ٹاﺅن اور سائٹ کا دورہ کیا۔ آرمی کمانڈرز نے شیر شاہ اور دیگر حساس مقامات پر صورتحال کا جائزہ لیا۔