پیٹریاس سے تحقیقات، امریکی ارکان کو دوستی یاد آ گئی، افسوس پر معاملہ ختم
واشنگٹن (اے ایف پی) سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ڈیوڈ پیٹریاس نے معاشقہ سکینڈل پر افسوس کا اظہار کیا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے اس امر پر اصرار کیا ہے کہ یہ سکینڈل بن غازی حملے میں انکے فرائض پر کسی طرح اثرانداز نہیں ہوا۔ گزشتہ روز ایوان نمائندگان کو انٹیلی جنس کمیٹی کی سماعت کے دوران اپنا بیان دیتے ہوئے ڈیوڈ پیٹریاس نے سکینڈل کی تفصیلات کا ذکر تک نہیں کیا۔ انہوں نے افتتاحی بیان میں کہا کہ انہیں ان حالات اور واقعات پر بہت زیادہ افسوس ہے جس کے باعث انہیں استعفے دینا پڑا۔ پیٹریاس نے دونوں ایوانوں کی کمیٹیوں کی سماعت میں اپنا بیان دیا لیکن وہ میڈیا سے دور رہے۔ ری پبلکن رکن پیٹر کنگ نے کہا کہ ایوان میں براڈویل افیئر سے متعلق صرف ایک ہی سوال ہے اور وہ یہ ہے کہ کیا اس سکینڈل نے بن غازی واقعہ کے بارے میں پیٹریاس کے بیان پر کس قسم کے اثرات مرتب کئے۔ انہوں نے جواب دیا جنہیں ڈیموکریٹ رکن ڈچ وپرز برجر نے اتفاق کرتے کہا کہ وہ اس واقعہ پر معذرت خواہ ہیں۔ ہوم لینڈ سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین کنگ نے کف افسوس ملتے ہوئے کہا کہ ایک دوست سے پوچھ گچھ کرنا زیادتی کے مترادف ہے۔ انہیں وہ کم و بیش دس سال سے جانتے ہیں اور ایک بار انہیں زور دیا تھا کہ وہ صدر کا الیکشن لڑیں۔ انہیں دوست تصور کرتا ہوں۔ ہمارے لئے تحقیقات کٹھن مرحلہ ہو گی۔