رحمن ملک جھوٹے ہیں، انکی بات پر کوئی کان دھرنے کو تیار نہیں: رانا ثناءاللہ
لاہور ( خصوصی رپورٹر ) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ رحمان ملک جیسے جھوٹے شخص کی باتوں پر کوئی کان دھرنے کو تیار نہیں، وہ خاطر جمع رکھیں، گزشتہ ساڑھے چار برس میں پاکستان کے عوام لٹیروں اور قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو پہچان چکے ہیں۔ وہ وقت آنے پر اپنے ووٹ کے ذریعے گن گن کر حساب لیں گے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ زرداری ٹولے کا انجام قریب ہے۔ رحمان ملک اس بار ملک سے باہر بھاگنے والوں میں سب سے آگے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کس قدر ستم ظریفی کی بات ہے کہ جھوٹے اور لٹیرے بھی اس پنجاب حکومت پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ رحمن ملک کو دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا ہونے کا ایوارڈ ملنا چاہئے۔