زرداری تعاون مانگنے باہر جائیں تو میزبان اپنی جیبیں بچاتے پھریں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں پنجاب حکومت کی کوششوں سے ترک سرمایہ کاری آئی ہے اور اگر صدر زرداری تعاون مانگنے باہر جائیں تو میزبان اپنی جیبیں بچاتے پھریں گے۔ اسلام آباد میں بیٹھے لٹیروں نے اگر وسائل نہ لوٹے ہوتے تو پچاس ہزار کی بجائے 5 لاکھ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو انٹرن شپ دیتے۔ عوام آئندہ انتخابات میں نواز شریف کو ووٹ دے کر پاکستان کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانے میں تعاون کریں۔ وعدہ کرتا ہوں کہ انشاءاللہ رب نے اگر ہمیں موقع دیا تو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنائیں گے۔ وہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن کے 4650 گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس مرد و خواتین نوجوانوں کو انٹرن شپ لیٹرز دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انتخابات آنے والے ہیں اور وہ وقت دور نہیں کہ جب عوام اسلام آباد میں بیٹھے زر بابا اور چالیس چوروں کو بھگا دینگے اور ان کا دیا ہمےشہ ہمےشہ کے لےے گل کر دےں گے۔ دسویں محرم کے بعد صوبے میں ایک لاکھ 25 ہزار ذہین طلباءو طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا مرحلہ شروع کیا جائے گا اور اس مرحلے میں راولپنڈی ڈویژن کے طلباءو طالبات کا حصہ 10 سے 15 ہزار تک ہوگا، اس مرتبہ DELL کی بجائے اوریجنل سافٹ ویئر کے ساتھ بہتر کوالٹی والے ایچ پی(HP) لیپ ٹاپ دیئے جائےں گے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی۔ ہم نے ہسپتالوں، خواتین کیلئے یونیورسٹیوں، میڈیکل کالجوں، فلائی اوورز اور سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کیا ہے اور جلد ہی صوبے میں ائیر کنڈیشنڈ بسوں پر مشتمل ٹرانسپورٹ سسٹم بھی جاری ہوگا۔ پنجاب حکومت نے سیلابوں کا مقابلہ کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی بھر پور مدد کی اور صوبے سے ڈینگی کو مار بھگایا۔ پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوں پر عملدرآمد میں اگر ایک پائی کی بھی خورد برد ثابت ہو تو عوام انہیں گریبان سے پکڑ سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تعلیم یافتہ نوجوانوں میں انٹرن شپ سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں ماڈل ٹاﺅن لاہور میں عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ہر ضلع اور ڈویژن کا علیحدہ علیحدہ سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مرتب کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزراءڈویژن اور اضلاع کے دورے کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور سکیورٹی کے انتظامات کی نگرانی کرنے والی کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنا اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ محرم الحرام کا احترام تمام مسلمانوں پر واجب ہے اور ہمیں اتحاد بین المسلمین پر حقیقی معنوں میں عمل کرتے ہوئے معاشرے میں امن و امان یقینی بنانا ہے۔ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔ اسے دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام منبر رسول سے بھائی چارے، رواداری، تحمل و برداشت اور اتحاد کا درس دیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کےخلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ہر قسم کا شرانگیز لٹریچر ضبط اور لاﺅڈ سپیکر کا غلط استعمال روکا جائے۔ وزیراعلیٰ نے جلوسوں کے روٹس اور مجالس میں جنریٹروں اور سٹریٹ لائٹس کا انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس میں ہونے والی تقاریر کی ریکارڈنگ کے انتظامات کئے جائیں۔ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے سرویلنس پلان بھی تیار کیا ہے۔ ہوٹلوں، گیسٹ ہاﺅسز اور سراﺅں میں بغیر شناختی کارڈ رہائش پذیر افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے کوٹ ادو (مظفر گڑھ) سے تعلق رکھنے والے میاں خالد احمد گورمانی، سابق ایم پی اے طارق احمد گورمانی اور سابق ایم پی اے و سابق تحصیل ناظم کوٹ ادو ملک محمد رفیق کھر نے گزشتہ روز ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پارٹی میں شامل ہونے والے گورمانی برادران اور ملک رفیق کھر نے کہا کہ محمد نواز شریف ہی وہ لیڈر ہیں جو موجودہ حالات میں ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے میرٹ اور شفافیت کو فروغ دے کرا یک ایسی مثال قائم کی ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ شہباز شریف نے اس موقع پر پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا۔ اسلام آباد سے وقائع نگار کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی نے لاہور میں وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں کوٹلی ستیاں کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔