آفریدی سمیت کوئی کھلاڑی آٹومیٹک چوائس نہیں‘ ٹیم میں شمولیت کیلئے فارم فٹنس ضروری ہے ٬ اقبال قاسم
لاہور (کامرس رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئر مین سابق ٹیسٹ کر کٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف سیریز نہایت اہمیت کی حامل ہے اس لئے ٹیم کا انتخاب طویل سوچ بچار کے بعد کیا جائے گا شاہد آفریدی سمیت کوئی بھی کھلاڑی آٹو میٹک چوائس نہیں ہے ٹیم میں شمولیت کیلئے فٹنس اور فارم کا ہونا ضروری ہے۔ ایل سی سی اے گراﺅنڈ میں ٹرائلز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت ٹیم میں آنے کے لئے تمام کھلاڑیوںکو ڈومیسٹک کرکٹ میں کار کردگی دکھانا ہو گی۔ سابق کپتان محمد یوسف کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے اقبال قاسم نے کہا کہ اگر وہ ڈومیسٹک کر کٹ میں کارکردگی دکھائیں گے تو ان کا نام ضرور زیرغور لایا جائے گا۔ پاکستان بھارت سیریز بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ہمیشہ ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اعصاب کا امتحان ہو تی ہے اور اس مرتبہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان سیریز ایک اہم موقع پر ہو نے جارہی ہے اس لئے اس سیریز کی اہمیت بھی ماضی کے مقابلے میں زیادہ ہو گی جس کیلئے ٹیم کا اعلان قومی ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے فوری بعد کیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ دورہ بھارت کے بعد قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ جانا ہے جہاں کی وکٹیں باﺅنسی ہو تی ہیں اس اہم دورے کے لئے ہمیں تجر بہ کا ر کھلاڑیوں کی ضرورت ہو گی لہٰذا سلیکشن کمیٹی تما م آپشنز پر غور کر رہی ہے کیونکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنے ہوم گراﺅنڈ پر مشکل ترین ٹیم ہے اس لئے اس سیریز میں کامیا بی حاصل کر نے کے لئے تمام کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہو گی۔ ایل سی سی اے کے ٹرائلز میں اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ تمام باصلاحیت کھلاڑیوں کو موقع دیں۔دریں اثنا قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے پی سی بی کو اپنی خدمات پیش کر دیں ان کہنا ہے کہ اگر بورڈ میرے بیس سالہ تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہے تو میں نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کیلئے تیار ہوں۔ ایل سی سی اے گراﺅنڈ میں میڈیا سے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے 20سال بین الاقوامی کر کٹ کھیلی ہے اگر پاکستان کر کٹ بورڈ کو کسی بھی معاملے میں میری ضرورت ہے تو میں خدمات انجام دینے کو تیار ہوں ،کر کٹ کوچنگ کورسز کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ جو کھلاڑی 20سال تک بین الاقوامی کر کٹ کھیل چکا ہومیرے خیال میں اس کو کسی کوچنگ کورس کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ کوچنگ کورسز میں مینجمنٹ سکھائی جاتی ہے اور اتنے طویل عرصے تک کر کٹ کھیلنے والے شخص کو مینجمنٹ کا بھی تجربہ ہوتا ہے۔ پاکستان بھارت سیریز کے حوالے سے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کر کٹ ٹیم کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ بھارت کو شکست دے بھارت کا دورہ ہمیشہ ہی اہمیت کا حامل ہو تا ہے اگر اس سیریز میں قومی کھلاڑیوں نے کھیل پر توجہ مرکوز رکھی تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستانی ٹیم کا میابی حاصل نہ کر سکے۔