علی بابا چالیس چور رائیونڈ میں بیٹھے ہیں: شرجیل میمن
کراچی (اے پی اے/ نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کراچی میں دہشت گردی کی اطلاعات ہیں، ملک دشمن عناصر پاکستان کو غیرمستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، کراچی کے عوام کو امن و امان کو برقرار رکھنا پیپلزپارٹی اولین ترجیح ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ وسیم احمد کی بریفنگ کے بعد کابینہ اراکین نے تجاویز بھی دی ہیں، انتخابات قریب آنے پر سازشی ٹولہ سرگرم ہو جاتا ہے، اسلحہ لائسنس کی دوبارہ سکورنٹی کی جائیگی، اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائز کیا جائیگا، غیرتصدیق شدہ لائسنس منسوخ کئے جائیں گے، کراچی کے جرائم کو زیادہ نمایاں کیا جاتا ہے لیکن پنجاب کے کرائم کو میڈیا پر نہیں دکھایا جاتا، میں میڈیا پر الزام نہیں لگا رہا لیکن میڈیا نمائندوں کو چاہئے کہ وہ جو بھی کرائم کو دیکھے اسکی مکمل تفصیلات طلب کریں، کراچی کیونکہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر اس لئے یہاں جرائم کا تناسب بھی زیادہ ہے، کراچی کی پولیس اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے، کراچی پولیس بہت سے دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نوازشریف نے اُسامہ بن لادن سے پیسے لیکر بے نظیر بھٹو کی حکومت کے خلاف سازشیں کی تھی۔ یہی قوتیں ملک میں جمہوری حکومت نہیں دیکھنا چاہتیں، علی بابا چالیس چور رائے ونڈ میں بیٹھے ہیں۔ نوازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اسحاق ڈار سلطانی گواہ ہیں۔