امریکہ، بھارت مذہبی بنیادوں پر پاکستان میں فسادات پھیلانا چاہتے ہیں: حافظ سعید
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل پاکستان میں مذہبی بنیادوں پر فسادات پھیلانے کی سازشیں کر رہے ہیں، صلیبی و یہودی اپنی بکھرتی ہوئی قوت اور نظاموں کو بچانے کیلئے مسلمانوں کو گروہ بندیوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں، کسی اختلاف کی بنیاد پر ایک دوسرے پر کفر کے فتوے لگانا درست نہیں، فرقوں اور پارٹی بازی میں تقسیم ہونا ہی مسلمانوں کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، مسلمانوں کے آپس کے لڑائی جھگڑوں سے کفار فائدے اٹھا رہے ہیں، مظلوم فلسطینییوں پر ہونے والی بدترین اسرائیلی جارحیت پراقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے، فرقہ واریت اور پارٹی بازی نے امت کے وجود کو پارہ پارہ کر کے رکھ دیا ہے، علماءکرام مسلمانوں کو فتنوں سے محفوظ رکھنے کیلئے کردار ادا کریں وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ سعید نے خطبہ جمعہ کے دوران امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں کروائیں۔ امیر جماعة الدعوة نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کی قربانیوں و شہادتوں کے نتیجہ میں امریکہ ٹوٹ رہا ہے۔ پہلے 20ریاستوں کی طرف سے علیحدگی کی درخواستیں دائر کی گئیں اب یہ تحریک 30 ریاستوں تک پھیل چکی ہے۔ امریکہ کی پوری کوشش ہے کہ وہ خود کو ٹکڑوں میں تقسیم ہونے سے بچا سکے لیکن ایسا انشاءاللہ ممکن نہیں ہے۔ جب بھی مسلمان کفارکے مقابلہ میں قربانیوں کا راستہ اختیار کرتے ہیں، یہ فتنے ضرور سر اٹھاتے ہیں۔ آج بھی مسلمانوں کو صلیبی، یہودی، ہندو اور بودھ دہشت گردوں کے پھیلائے گئے فتنوں سے محفوظ رکھنے کیلئے قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔