محرم الحرام میں امن و امان کیلئے جامع پلان تیار‘ پنجاب کے 27 اضلاع حساس قرار دیکر فوج‘ رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ
لاہور کراچی (نوائے وقت نیوز+ نامہ نگار+ سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار) محرم الحرام کے دوران امن و امان کےلئے پنجاب حکومت نے جامع پلان تیار کر لیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کے 27 اضلاع حساس قرار دے کر فوج اور رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ حساس اضلاع میں نویں اور دسویں محرم الحرام کو فوج اور رینجرز کے دستے فلیگ مارچ بھی کریں گے۔ محرم الحرام میں فوج سے سونگھنے والے 40کتے بھی مانگ لئے گئے۔ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹ لگانے کی ہدایت کی گئی۔ لا¶ڈ سپیکر کے استعمال کےلئے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا گیا۔ دریں اثناءیکم محرم پر لاہور سمیت تمام شہروں میں مجالس کا آغاز ہو گیا۔ گذشتہ روز مجالس کی سکیورٹی انتہائی سخت رہی اور حساس علاقوں میں ہونے والی مجالس کی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ کی گئی۔ مساجد، امام بارگاہوں کے باہر واک تھرو گیٹس لگا دیے گئے جبکہ نماز جمعہ کے موقع پر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔ مجالس کے قریبی علاقوں میں پارکنگ کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ محرم میں جلوسوں کے ساتھ ساتھ اہم سرکاری عمارتوں کی سیکورٹی بھی سخت کر دی ہے۔ خفیہ اطلاعات ہیں کہ پنجاب میں محرم کے دوران دہشت گردی پنجاب میں اہم سرکاری عمارتوں و شخصیات کو ٹارگٹ کرسکتے ہیں جس پر اہم سرکاری عمارتوں اور شخصیات کی سیکورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ پنجاب کے 95 مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام کو سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے جن کے نام ہٹ لسٹ پر ہیں۔ عاشورہ محرم کے موقع پر ان تین حساس اضلاع کراچی، حیدر آباد اور خیرپور میں فوج کو سٹینڈ بائی رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تینوں اضلاع میں دفعہ 144نافذ ہے اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد ہے۔