کراچی میں فائرنگ، ایک جاں بحق 5افراد زخمی، 28گرفتار، اسلحہ برآمد
کراچی (خبرنگار+ این این آئی) کراچی میں گذشتہ روز فائرنگ،تشدد کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 5زخمی ہو گئے، عبدالقیوم کو گارڈن کے علاقے میں مسجد کے قریب قتل کیا گیا۔ پولیس اور رینجرز نے مختلف کارروائیوں میں 28مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ گلبرگ مدینہ کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران رینجرز نے 8مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ دوسری جانب پولیس نے بلوچ پاڑہ درپن بازار اور غوثیہ کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لئے گئے افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ رینجرز نے کینٹ ریلوے سٹینش کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ٹارگٹ کلر گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ دہشت گردوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، حساس مقامات، رہائشی عمارتوں اور دکانداروں کے کوائف کیلئے سروے فارم بنا لیا گیا۔ دوسری جانب دہشت گردوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے رینجرز اور پولیس کے ساتھ فوج کی مانیٹرنگ کا بھی طریقہ کار بنایا ہے۔ پہلے مرحلے میں حساس اداروں سے حاصل کردہ انٹیلی جنس کی معلومات کے مطابق آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ آپریشن میں رینجرز اور پولیس کو جدید سامان اور گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ آپریشن میں شہر کے تمام علاقے شامل ہوں گے اور کسی بھی قسم کا سیاسی دباﺅ قبول نہیں کیا جائے گا۔