• news

بینکوں اورقومی بچت سینٹرز میںسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ کی فروخت شروع

کراچی ( کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک آف پاکستان ،شیڈولڈ بینکوں کی برانچوں اور قومی بچت کے سینٹرز سے اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ کی فروخت جمعہ سے شروع ہوگئی۔ قومی بچت ( این سی سی ) کے سینٹرز پر نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ خریدنے کے لئے موجود تھی۔ قومی بچت کے ریجنل ڈائریکٹر عبدالباری شیخ نے بتایا کہ نیشنل سیونگ کارپوریشن ( این سی سی ) کی جانب سے اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ کی فروخت کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں اور پہلے روز کراچی سمیت ملک بھر میں توقع سے بھی زیادہ بانڈ فروخت ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ کی ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی ہوگی، بانڈ کی فروخت 16 نومبر سے 14 دسمبر تک مسلسل جاری رہے گی۔ این سی سی کے اور سینئر افسر جاوید شیخ نے بتایا کہ یہ بانڈ نیشنل سیونگ کی ملک بھر کی370 برانچوں سے حاصل کئے جاسکیں گے،15 دسمبر سے14 فروری تک بانڈ کی فروخت بند رہے گی اور 15 فروری کو پہلی قرعہ اندازی کراچی میں ہوگی جس میں پہلا انعام 7 لاکھ روپے، دوسرا انعام2 لاکھ روپے اور دیگر انعامات ایک ایک ہزار روپے کے ہونگے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آفتاب مصطفیٰ خان نے کہا ہے کہ بانڈ پاکستان کے طلباءو طالبات کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن