زرعی افزائش کے مستقبل کا انحصار بائیو ٹیکنالوجی پر ہے: زرعی ماہرین
لاہور (نیوز رپورٹر) زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کم ممکنہ وقت میں جنیاتی طور پر تبدیل شدہ بائیو فصلوں کی کاشت کی طرف آنا ہوگا کیونکہ زرعی افزائش کے مستقبل کا انحصار بائیو ٹیکنالوجی پر ہے ماہرین نے فارمرز ایسوسی ایشن غیر معمولی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ غیر قانونی غیر معیاری خصوصاً بی ٹی کاٹن کے گھٹیا کوالٹی کے بیج کی فروخت روکنے پر حکومت کو ترجیحی بنیاد پر غور کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر افتخار احمد خان اور ڈاکٹر اقرار احمد نے بتایا کہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کی طرف سے بی ٹی کاٹن سیڈ پر کئے جانے والے ایک مطالعہ سے ظاہر ہوا ہے کہ اس وقت ملک میں دستیاب بی ٹی کاٹن کو زیادہ تر اقسام میں بی ٹی جین ایکسپریشن بہت کم ہے اس مطالعے کے مطابق مارکیٹ میں دستیاب کل 52 بی ٹی اقسام میں سے صرف چار میں اسٹینڈرڈ جین ایکسپریشن تھا اور یہی وجہ ہے کہ ملک اس انتہائی زیادہ پیداوار دینے والی ٹیکنالوجی سے مکمل استفادہ کرنے سے قاصر ہے۔