میاں برادران نے 32 کروڑ کی کرپشن کی، کہتے ہیں تو کمشن بنا دیتا ہوں: رحمن ملک
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث ملزموں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے ظاہر شاہ گروپ سے ہے،کراچی اور کوئٹہ میں گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کا ایک بھی واقعہ نہیں ہوا، بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں،شریف برادران نے ایک پائی نہیں بلکہ ڈالروں اور روپوں میں کرپشن کی۔ پمز میں داخل پولیس ملازمین اور تاجروں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ وفاقی پولیس کے اے ایس آئی نے جان کا نذرانہ دے کر اسلام آباد کو بڑی دہشت گردی سے بچا لیا، قوم ایسے جوانوں پر فخرکرتی ہے۔ زخمی ہونےوالے پولیس اہلکار رضوان کو اگلے گریڈ میں ترقی دے دی۔ عوام اور پولیس مل جائیں تو مجرموں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ میرے احکامات پر کراچی اور کوئٹہ میں عمل درآمد کیا گیا اس لئے دونوں شہروں میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک واقعہ بھی نہیں ہوا۔ میرے اقدامات کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، اے این پی اور تمام اتحادیوں نے سراہا۔ انہوں نے کہا میاں برادران میرے صدر کو نام دیتے رہیں گے تو میں بھی عوام کو ان کے نئے نئے نام بتاتا رہوں گا اور آج میں شریف برادران کو ”میاں مٹھو“ برادران کا نام دیتا ہوں۔ میاں برادران نے 32 کروڑ ڈالر کی کرپشن کی ہے۔ میاں شہباز شریف کہتے ہیں کہ میں نے ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں کی ہے تاہم انہوں نے ایک پائی کی نہیں ڈالروں اور روپوں کی کرپشن کی ہے، وہ سچے ہیں تو داتا دربار پر جاکر سر پر قرآن اٹھا کر قوم کو بتائیں، پھر میں ان کے ثبوت سامنے لاﺅں گا۔ لیپ ٹاپ سکیم میں بھی کرپشن کی گئی ہے اگر کہتے ہیں تو میں کمیشن بنا دیتا ہوں۔رحمن ملک نے کہا شریف برادران نے کرپشن نہیں کی تو داتا دربار جاکر قرآن اٹھائیں میں بھی قسم اٹھاﺅں گا، موٹر سائکیل چلانے پر پابندی اور موبائل فون بند کرنے کا فیصلہ اپنے تجربہ اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا، مثبت نتائج سانے آئے ہیں۔