شعبہ جیوگرافی کراچی یونیورسٹی کی ڈائمنڈ جوبلی پریادگاری ٹکٹ جاری
کراچی(کامرس رپورٹر)محکمہ ڈاک نے یونیورسٹی آف کراچی کے جیوگرافی ڈپارٹمنٹ کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقعہ پر 15روپے مالیت کارنگین یادگاری ٹکٹ جاری کیا ہے۔ اس ٹکٹ کو نوید اعوان نے ڈیزائن کیا ہے اوریہ 5لاکھ کی تعداد میں لیتھوآفسٹ پر پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کراچی میں طبع کیا گیا ہے ۔ یہ یادگار ٹکٹ اورفرسٹ ڈے کور19نومبر سے ملک کے تمام بڑے ڈاکخانوں سے دستیاب ہوگا۔واضح رہے کہ یونیورسٹی آف کراچی میں 1952ءمیں ڈاکٹر ایم بی پیتھا والا کی سربراہی میں جیوگرافی ڈپارٹمنٹ قائم کیاگیا تھا جس کے دوسرے چیئرمین ڈاکٹر آسکرشمیڈاتھے بعد ازاں بالترتیب ڈاکٹر عبادالرحمان‘ڈاکٹر شمس الاسلام صدیقی‘ ڈاکٹر محمد اسمٰعیل صدیقی‘ پروفیسر عبدالرﺅف خان‘ مسز جمیلہ سرور‘ ڈاکٹر فاضلہ کریم خان‘ ڈاکٹر افندے حسین زیدی‘ ڈاکٹر قاضی شکیل احمد‘ سید آصف علی‘ڈاکٹر مسز فرخندہ برک‘پروفیسر ڈاکٹر برجیس طلعت‘ پروفیسر ڈاکٹر سید جمیل حسن کاظمی چیئرمین رہے جبکہ اس وقت ڈاکٹر فرخندہ برک صدر شعبہ ہیں۔