احمدآباد ٹیسٹ : انگلش ٹیم بھارت کے خلاف فالو آن کا شکار
احمدآباد (اے پی پی) انگلش ٹیم بھارت کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں فالو آن کا شکار ہو گئی اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کےلئے مزید 219 رنز درکار ہیں۔ تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کی ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر111 رنز بنا لئے تھے۔ دوسری اننگز میں کپتان ایلسٹرکک اور نک کونمپٹن کی محتاط بیٹنگ جاری ہے، ایلسٹرکک 74اور کونمپٹن 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ اس سے قبل انگلش ٹیم بھارت کی پہلی اننگز 521 رنز کے جواب میں 191 رنز پر آﺅٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔ پراگیان اوجھا اور آرایشون کی عمدہ باﺅلنگ سپن کے سامنے انگلینڈ کا کوئی بھی بلے باز سنبھل کر نہ کھیل سکا۔ میٹ پرائر 48، ایلسٹرکک 41 کیون پیٹرسن 17 اور سٹورٹ براڈ 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پراگیان اوجھا نے 5 اور ایشون نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔