میرپور ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دے دی
میرپور (نیوز ایجنسیاں) ویسٹ انڈیز نے ٹینو بیسٹ کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 77 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ بنگال ٹائیگرز نے کالی آندھی کو زیر کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا۔ میزبان سائیڈ 245 رنز کے تعاقب میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ٹینو بیسٹ نے 5 وکٹیں حاصل کیں، کیرن پاﺅل کو دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہفتہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میرپور میں ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 244 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 273 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی، ڈیرن سیمی 16 ، روی رامپال 5 ، ٹینو بیسٹ صفر اور چندر پال ایک رن بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے، سنیل نارائن 22 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے نوجوان آف اسپنر سوہاگ غازی نے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، روبل حسین اور شکیب الحسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 245 رنز کے تعاقب میں 167 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی، بنگلہ دیشی بلے باز ٹینو بیسٹ کی تباہ کن باﺅلنگ کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دیئے، محمد اللہ 29 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، نعیم اسلام 26 ، شہریار نفیس 23 ، ناصر حیسن 21 ، جنید صدیقی 20 ، سوہاگ غازی 19 ، کپتان مشفیق الرحیم 16، تمیم اقبال 5، شکیب الحسن 2 اور شہادت حسین 4 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے۔ ٹینو بیسٹ نے 5 ، ویرا سیمی پرموئل نے 3 اور روی رامپال نے 2 وکٹیں حاصل کیں، کیرن پاﺅل کو ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 21 سے 25 نومبر تک شیخ ابو ناصر سٹیڈیم کھلنا میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 30 نومبر سے شروع ہوگی۔