یوم عاشور : فنکاروں نے 15 محرم تک شوبز سرگرمیاں ترک کر دیں
لاہور (کلچرل رپورٹر) شوبز کے حلقوں میں عشرہ محرم الحرام عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلیویژن سمیت تمام ریڈیو اور ٹی وی چینلز محرم کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش کر رہے ہیں۔ تھیٹر دس محرم تک بند رہیں گے۔ اکثر فنکاروں نے شوبز کی سرگرمیاں 15 محرم تک ترک کر دی ہیں۔ فنکاروں کے گھروں میں مجالس عزا کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ چار محرم کو میوزک ڈائریکٹر طافو اور گلوکارہ ترنم ناز کے گھروں میں مجالس عزا اور نیاز کا اہتمام کیا جائے گا۔ پانچ محرم کو اداکارہ زری، عائشہ جاوید اور حامد علی خاں کے گھروں میں، 6 محرم کو گلوکارہ سائرہ نسیم، گلوکارہ حمیرا چنا اور سنبل راجہ مجالس عزا کا اہتمام کریں گی۔ 7ویں محرم کو گلوکارہ عذرا جہاں، صائمہ جہاں اور ریحانہ اختر، 8 محرم کو یاسمین شوکت اور ہدایت کار جرار رضوی کے گھر، نویں محرم کو اداکارہ و گلوکارہ دردانہ رحمن کے گھر مجالس و نیاز تقسیم ہو گی۔ 12 محرم الحرام کو گلوکارہ شاہدہ منی کے گھر مجلس عزا ہو گی۔ 12 محرم کو ڈریس ڈیزائنر بی جی کے گھر مجلس ہو گی۔