• news

عدلیہ کی نگرانی میں الیکشن کے حق یا مخالفت میں فیصلہ نہیں ہوا: کائرہ

اسلام آباد+لالہ موسیٰ (وقائع نگار خصوصی+نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے عدلیہ کی نگرانی میں عام انتخابات کرانے کے حق یا مخالفت کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلزپارٹی نے عدلیہ کی نگرانی میں انتخابات کے انعقاد کے بارے میں کوئی رسپانس نہیں دیا جب پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوگا تو اس بارے میں پارٹی کے موقف کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔ مزید براں لالہ موسیٰ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا پوری دنیا اس بات پر سراپا احتجاج ہے کہ صہیونی اسرائیلی معصوم اور بے گناہ لوگوں پر بمباری کر رہے ہیں انہوں نے قتل و غارت کا جو بازار گرم کیا ہے ساری دنیا اس پر سراپا احتجاج ہے لیکن آج بھی دنیا کے کچھ ممالک ہیں جو انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ اسرائیل کی مدد یا اسکے موقف کو سپورٹ کر رہے ہیں یہ ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے اس کی طرف توجہ دینا بہت ضروری ہے۔ اے این این کے مطابق انہوں نے کہا شریف برادران نے ایک آمر کی گود میں پرورش پائی، دوسرے سے ڈر کر ملک چھوڑ دیا، پیپلزپارٹی بھاگنے والی نہیں جانوں کے نذرانے دینے والی جماعت ہے۔ نامہ نگار کے مطابق انہوں نے کہا ہزاروں فلسطینی اپنے حقوق کی جنگ لڑتے شہادتیں پا چکے ہیں اب اس عمل میں عالمی برادری کو عمل کرکے اس جارحیت کو روکنا چاہئے، کراچی کی صورتحال کے سوال پر کہا کراچی میں صورتحال یقینا سنجیدہ ہے اور اسے سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے یہ کوئی کسی ایک جماعت کا ایشو نہیں بلکہ دہشت گرد بھی ہیں، انتہا پسند بھی ہیں وہاں پر مختلف جماعتیں بھی ہیں قبضہ گروپ بھی ہیں، مفاد پرست بھی ہیں، بے شمار لوگ سیکشن موجود ہیں اور اس کے لئے سب کو ہمارے ساتھ کھڑے ہوناچاہئے۔ ایک سوال پر کہا صدر پاکستان ایک سیاسی عہدہ ہیں اور سیاست کی پیداوار ہیں۔ جج، جرنیل یا بیوروکریٹ کی طرح ان کا تقرر نہیں ہوا۔ صدر ایک سیاسی عمل کی پیداوار ہیں پارلیمان کا حصہ ہیں لہٰذا انکے اوپر اس طرح کا جو فیصلہ آیا ہے اس کیخلاف اپیل کی ہے اور دوسرا ہم نے گزارش کی ہے اصغر خان کیس کے اندر صدر کا آفس مین ایشو نہیں تھا جن لوگوں نے پیسے لئے ہیں اور الیکشن کے عمل کو مجروح کیا اصل ایشو تو ان کا تھا۔ شہبازشریف کے بیان کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا مجھے نہیں سمجھ آئی کہ شہبازشریف یہ بیان کس حوالے سے دے رہے ہیں پیپلزپارٹی اپنی کونسی روش بدلے، وہ روش کہ پی پی پی اس ملک کے عوام کے حقوق کی جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے دیتی ہے اسکے کارکنوں کے جانوں کے نذرانے دیتی ہے۔ لیڈر شپ اپنی جانوں کے نذرانے دیتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن