ملکی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا
کوئٹہ (این این آئی + وقائع نگار خصوصی) بلوچستان صوبائی کابینہ کا اجلاس تاریخ میں پہلی مرتبہ (آج) بروز پیر 19نومبر کو بلوچستان ہاﺅس اسلام آباد میں ہو گا جس کی وزیر اعلی بلوچستان اور چیف آف سراوان نواب اسلم رئیسانی صدارت کرینگے اجلاس میں خاص طور پر سپریم کورٹ کی جانب سے بلوچستان میں امن وامان کے حوالے سے دئیے گئے عبوری آرڈر سمیت مختلف امور پر غور کیا جائے گا صوبائی کابینہ کے اجلا س میں شرکت کیلئے صوبائی وزراءاور دیگر اعلی حکام اتوار کے روز اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ بعض صوبائی وزراءآج پیر صبح کوئٹہ سے اسلام آباد روانہ ہونگے۔ ذرائع نے این این آئی کو بتایا ہے کہ بیس نومبر بروز منگل کو سپریم کورٹ میں بلوچستان سے متعلق امن وامان کیس کی سماعت دوبارہ ہوگی جس میں ہوم سیکرٹری (ر) اکبر حسین درانی اور ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ کنرانی عدالت میں اب تک صوبے میں امن وامان کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں رپورٹ پیش کرینگے۔ جبکہ ارکان اسمبلی اور وزراءکل سماعت کے موقع پر عدالت بھی جائیں گے، واضح رہے کہ صوبے میں جاری بحران نہ حل ہونے پر اسلم رئیسانی اسلام آباد منتقل ہو گئے ہیں۔