پی آئی اے لندن جانے والے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی‘ جدہ سے آنے والی پرواز میں فنی خرابی‘ دونوں بحفاظت اتار گئے لئے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کراچی ائر پورٹ پر ٹیک آف کرنے والے پی آئی اے کے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ایمرجنسی لینڈنگ کر کے اسے بحفاظت اتار لیا۔ اس وقت طیارے میں 183 مسافر سوار تھے۔ آگ کراچی سے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 787 کے طیارے کے انجن میں لگی۔ اس دوران ائر پورٹ پر ایمرجنسی نافذ کرکے فائر ٹینڈرز اور دیگر عملہ طلب کیا گیا۔ طیارے کے پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے جہاز کے انجن کو بند کر دیا اور قریباً 18 منٹ بعد طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔ سول ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق طیارے کے انجن میں 2 دھماکوں کی آواز بھی سنی گئی تھی اور جہاز کے انجن سے شعلے نکلتے دیکھے گئے جس پر پائلٹ نے ایمرجنسی کال دی۔ دوسری جانب جدہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی حج پرواز پی کے 3338 میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔ پائلٹ نے طیارے میں ہونے والی فنی خرابی پر ائر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا جس کے بعد طیارے کو لاہور کی بجائے کراچی ائر پورٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا گیا نجی ٹی وی کے مطابق طیارے کو لاہور ائر پورٹ پر ساڑھے دس بجے لینڈ کرنا تھا لیکن اس نے کراچی ائر پورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی طیارے میں 5 سو سے زائد حجاج کرام سوار تھے مسافروں کو دوسرے طیارے کے ذریعے کراچی سے لاہور لایا جائے گا۔
لاہور (خبر نگار) پی آئی اے کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ پی آئی اے کی کراچی سے لندن جانے والی پرواز PK-787 نے صبح 11:35 پر معمول کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ٹیک آف کیا اور 12.20 منٹ پر واپس لینڈ کیا۔ ترجمان کے مطابق ائر بسA-310 طیارہ 55 منٹ محو پرواز رہا۔ طیارے کے کپتان احمد سعید نے دوران پرواز نوٹ کیا کہ طیارے کے دو میں سے ایک انجن درست کام نہیں کر رہا۔انہوں نے حفاظتی معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو باحفاظت واپس کراچی اتار لیا۔ائر بس طیارہ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ ایک انجن سے ٹیک آف اور لینڈنگ کر سکتا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے اعلیٰ مہارت اور حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھنے پر طیارے کے پائلٹ کو کار کردگی میڈل دینے کا اعلان کیا ہے۔ پی آئی اے شعبہ انجینئرنگ نے طیارے کے انجن کی چیکنگ شروع کر دی ہے جس کےلئے وقت درکار ہے۔ مذکورہ پرواز کے147 مسافروں اور عملے کے ارکان کو متبادل طیارے کے ذریعے لندن کےلئے دوپہر 3.15 پر روانہ کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ طیارے میں آگ لگنے کی خبر درست نہیں۔ آئی این پی کے مطابق ترجمان پی آئی اے سلطان حسن نے موقف اختیار کیا ہے کہ طیارے میں آگ لگی نہیں لگی تھی فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ ڈائریکٹر ائر پورٹ سروسز آصف بشیر نے کہا ہے پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو انجن میں خرابی کی اطلاع دی اور طیارے نے نارمل لینڈنگ کی، ایم ڈی پی آئی اے جنید یونس نے کہا ہے کہ پائلٹ احمد سعید نے مشکل صورتحال میں مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا، پائلٹ کو اس کارنامے پر میڈل دیا جائیگا۔