• news

ڈی ایٹ کانفرنس 22نومبر کو ہو گیسربراہان اعلان اسلام آباد کی منظوری دینگے


مصر کے صدر مرسی 23نومبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آٹھ ترقی پذیر اسلامی ملکوں کی سربراہ کانفرنس کی تیاریاں نکتہ عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ 12نومبر سے شروع ہونے والی کانفرنس میں مصر کے صدر محمد مرسی، ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان، ایران کے صدر احمدی نژاد اور انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بانگ شرکت کر رہے ہیں۔ امکان ہے کہ نائجیریا کے صدر بھی ڈی ایٹ کا حصہ ہوں گے۔ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اور ملائشیا کے نائب وزیراعظم اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔ مصر کے صدر محمد مرسی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ پاکستان سمیت آٹھ مسلم ملک اس فورم کا حصہ ہیں۔ سربراہ کانفرنس کی تیاریوں کے لئے ان ملکوں کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس آج شروع ہو رہی ہے۔ کانفرنس کی تیاریوں اور اغراض و مقاصد واضح کرنے کے لئے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر آج پریس کانفرنس سے بھی خطاب کر رہی ہیں۔ اجلاس میں تنظیم کے چارٹر اور اس کے گلوبل ویژن کی منظوری دی جائے گی۔ سربراہ اجلاس کے بعد تنظیم کے سربراہان وزرائے خارجہ کی جانب سے چارٹر پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ سربراہان اعلان اسلام آباد 2012ءکی بھی منظوری دیں گے جس میں مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مربوط کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ دریں اثناءوزیراعظم راجہ پرویز اشرف آج ڈی ایٹ تجارتی نمائش کا افتتاح کریں گے جبکہ بزنس فورم 20نومبر کو شروع ہو گا۔ پاکستان کو اس سربراہ اجلاس کے موقع پر 2014ءتک آئندہ دو سال کے لئے ڈی ایٹ کی چیئرمین شپ سونپی جائے گی۔ واضح رہے مصری صدر 40سال اور نائجیریا کے سربراہ مملکت 28سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن