• news

حج کرپشن کیس: ایف آئی اے کا اسماعیل قریشی کے گرد گھیرا تنگ


اسلام آباد (آن لائن) حج کرپشن کیس کی تحقیقات کرنیوالی ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے عبد القادر گیلانی اور زین سکےھرا کے بعد سابق سیکرٹری اسٹیبلیشمنٹ اسماعیل قریشی کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش کرنے کیلئے عدالت سے انکی ورانٹ گرفتاری حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم اور انکے صاحبزادے سے متعلق تمام معاملات آج (پیر) کو سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائیگا۔ ایف آئی اے کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا اسماعیل قریشی نے غیر قانونی طور پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی کے دوست زین سکیھراکی قواعد وضوابط کیخلاف تعیناتی کی تھی اور تمام دستاویزات کو ایف آئی اے کی ٹیم کے اکٹھا کر لیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا زین سکیھرا کی جانب سے عبد القادر گیلانی کو تحفہ میں دی جانیوالی گاڑی کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا تھا حج کرپشن کی تحقیقات کرنیوالی ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے افسرحسین اصغر آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق کے سامنے بھی پیش ہونگے جبکہ قائمہ کمیٹی کی ہدایت کی روشنی میں انہوں نے اپنا جواب بھی تحریری طور پر جمع کرا دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن