سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ آج ریکوڈک کیس کی دوبارہ سماعت کریگا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ آج ریکوڈک کیس کی سماعت دوبارہ شروع کریگا۔ اس دوران تمام فریقین ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے فراہم کردہ ریکارڈ پر دلائل دینگے۔ مزید برآں فاضل بنچ میں بلدیاتی الیکشن کے بارے میں وطن پارٹی کی جانب سے آئینی درخواست، سنیٹر اقبال ظفر جھگڑا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں کے تعین، اوگرا کے سابق چیئرمین توقیر صادق کی عدم گرفتاری، حج کرپشن، سابق وفاقی وزیر یار محمد رند کی سزا کیخلاف اپیلوں اور بینک کھاتوں سے زکوٰة کے کٹوتی کے حوالے سے ازخود نوٹس مقدمے سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔