شرجیل میمن پنجاب کی فکر چھوڑ کر کراچی کے امن پر توجہ دیں: رانا ثنائ
لاہور(خبر نگار) وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پنجاب کی فکر چھوڑیں اور سندھ خصوصاً کراچی، حیدر آباد میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ مافیا کو ختم کرنے پر توجہ دیںکیونکہ اہل سندھ نے انہیں اسی کام کے لئے مینڈیٹ دے کر صوبائی اسمبلی میں بھیجا تھا۔ پنجاب میں امن و امان کی تسلی بخش صورتحال دیکھ کر پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے شرجیل میمن سے سوال کیا کہ اگر سندھ کے حالات اتنے ہی پرامن ہیں اور پنجاب میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں تو پھر وہ بتائیں کہ ابھی چند دن پہلے ہی ان کی اپنی وفاقی وزارت داخلہ نے موٹر سائیکل پر پابندی اور موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ پنجاب کے لئے کیا تھا یا سندھ کے لئے؟ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بہتر ہے کہ شرجیل میمن اپنے گریبان میں جھانکیں اور دوسروں پر تنقید کرکے اپنی توانائیاں ضائع کرنے کی بجائے اپنے آبائی صوبے کی اصلاح کے لئے کچھ کریں۔ پنجاب کو نہیں بلکہ سندھ کو شرجیل میمن کی ضرورت ہے۔