سیاسی جماعتوں کو ملکی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے: گورنر کھوسہ
اسلام آباد (اے پی پی) گورنرپنجاب سردارلطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے‘پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت میں اتحادی حکومت توانائی بحران سمیت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوششیں کررہی ہے۔گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے بڑی رقم غیرضروری طورپر دانش سکولوں‘ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم‘ لیپ ٹاپ‘ سستی روٹی اوریلوکیب جیسی سکیموں پرخرچ کردی ہے۔ پیپلزپارٹی پر سب سے زیادہ تنقید کی جاتی ہے حالانکہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کے فروغ اور عدلیہ کی آزادی کیلئے کام کررہی ہے۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریبوں اورمستحقین میں اربوں روپے تقسیم کئے گئے ہیں ۔سویٹ ہوم میں رہائش پذیر 2800 یتیم بچوں کو پنجاب کے مشہور تعلیمی اداروں میں داخل کرایاگیا ہے۔ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کیلئے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ پیپلزپارٹی کی عوامی مقبولیت کی وجہ سے صوبہ پنجاب میں ووٹ بنک میں اضافہ ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں پر اسی فیصد عمل کیاہے۔ سرائیکی صوبہ وہاں کے عوام کے مفاد میں بنایا جائے گا۔