• news

پاکستان غیر محفوظ ہونے کا تاثر درست نہیں‘ بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش پالیسیاں بنائی جائیں: ڈنمارک سفیر

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں تعینات ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کو سکیورٹی کے نقطہ نظر سے غیر محفوظ ملک تصور کیا جاتا ہے جس کے باعث بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہچکچاتے ہیں۔ سفیر اولے ای موئیسے نے کہا کہ پاکستان آکر انہیں پاکستان سے متعلق اپنا خیال بدلنا پڑا انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر انہیں خوشگوار حیرت ہوئی کہ پاکستان سکیورٹی کے حوالے سے غیر محفوظ ملک نہیں ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت کئی ممالک سے بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ترجیحی ملک پاکستان ہے ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اچھے انداز حکمرانی سے برکس ممالک کے ساتھ شامل ہوسکتا ہے برازیل ‘ روس ‘ بھات اور چین برکس کے رکن ممالک ہیں انہوں نے کہا کہ ڈنمارک پانچ ملین آبادی کا چھوٹا سا ملک ہے جس کے پاس قدرتی وسائل کی کمی ہے جبکہ پاکستان میں قدرتی وسائل کی فراوانی ہے اولے ای موئیسے نے 70 میں تیل کے بحران پر قابو پانے کیلئے ڈنمارک کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان متبادل وسائل استعمال کرکے توانائی کے بحران پر قابو پا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن