قصور : بجلی چوری کی آڑ میں صارفین کےخلاف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات درج کروانا معمول بن گیا
قصور (نامہ نگار) بلھے شاہ سب ڈویژن قصورکا ایس ڈی او بجلی چوری کی آڑ میں صارفین کےخلاف جھوٹے اورمن گھڑت مقدمات درج کروانا معمول بن گیا جبکہ اووربلنگ اور نام نہاد ایم این ٹی ٹیموں کی آڑ لیکر صارفین کو ہزاروں روپے کے ناجائز بل ڈالنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ بلھے شاہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او علی حسن نے اپنے چہیتے اہلکاروں کی ملی بھگت سے صارفین بجلی کو ڈیٹکشن بل اور اووربلنگ کی آڑ لیکر اپنی کارکردگی بڑھانے اور ایکسین لگانے کے چکر میں عوام کو ڈیپریشن کا شکار بنا دیا ہے اس وقت قصور کی عدالتوں میں سب سے زیادہ مقدمات جو زیرسماعت ہیں وہ بلھے شاہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او کی اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہےں۔ ایس ڈی او واپڈا اپنی کارکردگی کو بڑھانے اور عوام کو ذہنی کوفت پہنچانے کےلئے اب تھانوں میں مقدمات درج کرانے کےلئے کوشاں ہے تاکہ جو صارف عدالتوں سے ریلیف حاصل کر چکے ہیں ان کو مزید پریشان کیا جا سکے‘ اووربلنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے حالانکہ کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی کی جا رہی ہے اس کے باوجود عوام کو ناجائز بل ڈالنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عوام اپنے بل لئے واپڈا دفاترکے چکر لگارہے ہیں۔ ایس ڈی او اور میٹر انسپکٹر 10 بجے سے پہلے دفتر نہیں آتے اور عوام پریشانی کی حالت میں واپڈا افسران کو بددعائیں دیتے واپڈا دفاتر میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ قصور کی مختلف سماجی تنظیموں اور عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی شہری ہونے کے ناطے بلھے شاہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او کو فی الفور تبدیل کیا جائے۔ عوام نے ڈی پی او قصور سے بھی اپیل کی ہے کہ واپڈا کی طرف سے اندراج مقدمہ کےلئے بھجوائی گئی تحریروں پر جھوٹے مقدمات درج نہ کئے جائیں کیونکہ واپڈا صارفین پر پریشر ڈالنے کےلئے مقدمات درج کرواتے ہیں اور ساتھ ہی ہزاروں روپے کے ناجائز بل بھی ڈال دیتے ہیں۔