عوام نعروں کی سیاست مسترد کرکے پیپلزپارٹی کو ووٹ دینگے: جاوید بھٹی
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ عوام ہر طرح کے نعروں کی سیاست مسترد کرکے آئندہ بھی پیپلزپارٹی کو کامیاب کروائیں گے، صدر آصف علی زرداری وفاق کی علامت ہیں، مسلم لیگ (ن) تنقید برائے تنقید کی پالیسی پر عمل پیرا ہے مگر اس کے برعکس پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کو ترجیح دی ہے، عوامی مسائل کا حل صرف صدر زرداری کے پاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجیانہ نو میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید شمشاد علی شاہ اور سید خالد حسین شاہ بھی موجود تھے۔ جاوید بھٹی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے ہمیشہ جمہوریت پر وار کیا اور انتخابی عمل سے گزرنے کی بجائے سازشوں سے چور دروازے کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ آج میاں برادران کو واضح شکست نظر آرہی ہے۔