قومی اسمبلی : گیلانی کے اقدامات کو آئینی تحفظ دینے کا بل منظور ‘ مسلم لیگ ن کی مخالفت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں تجارتی تنظیموں کی رجسٹریشن اور ریگولیشن کا بل 2012ءمنظور کر لیا گیا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اقدامات کو آئینی تحفظ دینے کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔ اپوزیشن نے احتجاج کیا اور مسلم لیگ (ن) نے بل کی مخالفت کی۔ یہ بل وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے پیش کیا اس بل کے تحت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے 24اپریل سے 19جون 2012ءتک کے اقدامات کو قانونی تحفظ فراہم ہو گا اور مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیراعظم گیلانی کے اقدامات کو تحفظ دینے کے بل کی مخالفت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے ارکان زاہد حامد اور سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ متعلق قائمہ کمیٹی میں بل کی مخالفت کی تھی اور کہا کہ جب سپریم کورٹ نے یوسف رضا گیلانی کیخلاف فیصلہ کر دیا تھا انہوں نے احکامات کیوں صادر کئے اور حکومتی کام کیوں کئے تھے ان کے کاموں پر مہر لگانے والوں میں شامل نہیں ہو سکتے، جب گیلانی کو سزا ہو چکی تھی تو انہوں نے سپریم کورٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیصلے کیوں کئے۔ پارلیمنٹ اندھے منہ ان فیصلوں کی توثیق نہیں کر سکتی۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ اس طرح کرنا غیر قانونی ہے، ہمیں کوئی غیر قانونی قانون سازی نہیں کرنی چاہئے، وزیر قانون فاروق نائیک نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سپریم کورٹ کے فیصلے تک اپنا کام کر رہے تھے اس بل پر بلاجواز اعتراض کیا جا رہا ہے، قومی اسمبلی نے پنجگور میں صحافی کے قتل کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد پیش کر دی جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد لانے کی درخواست کر دی۔ قومی اسمبلی میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد پر رائے شماری آج ہو گی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کی تنظیم اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لیں، اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن جمشید احمد دستی پیر کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاجاً کالی پٹی سر پر باندھ کر ایوان میں موجود رہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ فاٹاسے رکن قومی اسمبلی ظفر بیگ بھٹنی نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں سے بدامنی کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی خوراک اور خیموں کا بندوبست کیا جائے۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت موبائل فون صارفین کی تعداد 12 کروڑ ایک لاکھ 51 ہزار 235 ہے۔ قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ حکومت پاکستان سے قطعی طور پر کوئی گرانٹس نہیں لیتا۔ وزیر برائے دارالحکومتی انتظام و ترقی نذر محمد گوندل نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ ان کی تشخیص میں تاخیر اور شعور کا فقدان ہے۔ سال 2011-12ءکے دوران پمز ہسپتال میں 638 جبکہ پولی کلینک ہسپتال میں 406 مریضوں کی تشخیص کی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے ایوان کو بتایا کہ بھارت پر دباﺅ ڈالا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ بھارتی ٹی وی پر پاکستانی ڈرامے اوردیگر پروگرام دکھانے کی اجازت دے دی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ٹی وی چینلز پر ہندوستانی فلمیں اور ڈرامے دکھانے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔ اراکین نے کہا ہے کہ جارحیت سے تیسری عالمی جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے ہمیں ان مظالم کیخلاف ایک مضبوط آواز بلند کرنی چاہئے۔ ایم کیو ایم کے رکن ڈاکٹر عبدالقادر خانزادہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر گزشتہ کئی دنوں سے جاری حملوں سے متعدد خواتین اور بچے شہید ہو رہے ہیں۔ اس کا فوری نوٹس لیا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکنرانا تنویر حسین نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ اسرائیلی حملہ المناک واقعات ہیں۔ اسرائیلی مظالم کیخلاف ہمیں ایک مضبوط آواز بلند کرنی چاہئے ہمیں قرارداد لانی چاہئے۔