افغانستان سے باجوڑ پر 4 راکٹ فائر بچی جاںبحق، پاکستان کا شدید احتجاج
باجوڑ ایجنسی (آئی این پی + آن لائن) باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ناوگئی کے سرحدی علاقہ ہلال خیل چہارمنگ میں افغانستان سے چار راکٹ فائر کئے جانے کے نتیجے میں ایک بچی جاںبحق اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ راکٹ گرنے سے ایک مکان مکمل طور پر تباہ جبکہ دوسرے کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے خلاف پاکستان نے افغان حکومت سے شدےد احتجاج کیا ہے۔ مقامی لوگوں اور انتظامیہ کے حکام کے مطابق صوبہ کنڑ کے علاقہ گنگل سے شدت پسندوں نے چار راکٹ فائر کئے جو مقامی افراد کے گھروں پر جا گرے جس کے نتیجے میں پانچ سالہ بچی فاطمہ جاںبحق اور تین دیگر افراد جن میں مسمات گل حیاءبی بی، محمد اقبال اور انعام اللہ شامل ہیں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ راکٹ حملوں کے بعد مقامی امن کمیٹی کے رضاکاروں نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی کی۔ واقعے کے خلاف پاکستان نے افغان حکومت سے شدےد احتجاج کرتے ہوئے تحقےقات کا مطالبہ کےا ہے۔