پہلے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ آج شروع ہوگا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیراہتمام بھارت میں ہونے والے پہلے ٹی 20ورلڈکپ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آج منگل سے پی اے ایف کرکٹ گراﺅنڈ ای نائن اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے حکام کے مطابق تربیت کیمپ میں ورلڈکپ کیلئے منتخب شدہ 17کھلاڑی تربیت حاصل کرینگے۔ قومی کوچ نفیس احمد تربیت دینگے جن کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ کیلئے مدعو کیا گیا ہے ان میں بی ون عامر اشفاق، ادریس سلیم، وقاص، گلاب خان، آیاز خان اور محمد ظفر، بی لڈ میں ذیشان عباسی کپتان، محمد عرفان، انیس جاوید، نثار علی، علی مرتضیٰ اور مسعود جان جبکہ بی تھری کیٹیگری میں محمد اکرم، طاہر، افتخار ٹائیگر، زوہیب اور محمد جمیل شامل ہیں۔ حکام نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں باﺅلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ حکام کے مطابق 9 روز تک جاری رہنے والا تربیتی کیمپ 28 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ واضح رہے کہ پہلا ٹی 20 بلائنڈ ورلڈکپ یکم سے 13دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔