پریذیڈنٹ ٹرافی، کرکٹ ٹورنامنٹ کا آٹھواں مرحلہ آج شروع ہوگا
اسلام آباد (اے پی پی) پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے آٹھویں مرحلے کا آغاز آج منگل سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی میں آٹھویں مرحلے کے میچز 20 نومبر سے ملک کے مختلف گراﺅنڈز میں شروع ہوں گے۔ زرعی ترقیاتی بنک (زیڈ ٹی بی ایل) اور پورٹ قاسم کے درمیان میچ مرغزار کرکٹ گراﺅنڈ، اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ حبیب بنک اور سوئی سدرن گیس کی ٹیمیں ڈائمنڈ کرکٹ گراﺅنڈ، اسلام آباد میں آمنے سامنے ہوں گی، خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل) اور پی آئی اے کے درمیان میچ خان ریسرچ لیبارٹری گراﺅنڈ، راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، نیشنل بنک اور یو بی ایل کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں نبرد آزما ہوں گی جبکہ سٹیٹ بنک اور واپڈا کے درمیان میچ اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں ہوگا۔