پی سی بی کا یوٹرن‘ سعید اجمل‘ شاہد آفریدی اور عمران اکمل کو دوبارہ ”بگ بیش“ کی اجازت
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ’یو ٹرن‘ لیتے ہوئے شاہد آفریدی، عمراکمل اور سعیداجمل کو آسٹریلوی ٹی ٹونٹی لیگ بگ بیش کھیلنے کی دوبارہ اجازت دے دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق تینوں کرکٹرز کو یہ اجازت کرکٹ آسٹریلیا کی درخواست پر دی گئی۔ پانچ روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان تینوں کھلاڑیوں کی آسٹریلوی لیگ میں کھیلنے کی اجازت یہ کہہ کر واپس لے لی تھی کہ دورہ بھارت کی تیاری اور سلیکشن کی غرض سے ہونے والے ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں تمام کرکٹرز کی شرکت ضروری ہے۔ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ دو سے دس دسمبر کے درمیان کھیلا جائےگا جبکہ بگ بیش کا آغاز سات دسمبر سے ہو رہا ہے۔ شاہد آفریدی اس ٹورنامنٹ میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کرینگے۔ عمر اکمل نے سڈنی سکسر سے معاہدہ کیا ہے جبکہ سعید اجمل کی خدمات ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے حاصل کی ہیں۔ بورڈ کے مطابق تینوں کھلاڑی قومی کیمپ شروع ہونے پر وطن واپس آ جائیں گے۔ ان تینوں کرکٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے این او سی ملنے کے بعد ہی بھاری معاوضے پر آسٹریلوی لیگ کے لئے معاہدے کئے تھے۔ بعد میں یہ اجازت واپس لئے جانے پر ان کرکٹرز کو ایک بڑی رقم سے محرومی کا سامنا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا تھا کہ وہ ان کرکٹرز کو ہونے والے مالی نقصان کی تلافی کرے گا۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا حالیہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ دباو¿ کی صورت میں وہ اپنے فیصلوں پر زیادہ دیر قائم نہیں رہ پاتا اور اس نے کرکٹ آسٹریلیا کی ناراضی مول لینے کے بجائے اپنا فیصلہ تبدیل کر ڈالا۔