• news

صارف عدالت میں 85دعوے دائر، 70کے فیصلے ہو گئے


لاہور (شہزادہ خالد) صارف عدالت میں اکتوبر کے دوران شہریوں نے حقوق صارفین ایکٹ کے تحت ہرجانے کے 85دعویٰ جات دائر کئے جن میں سے 70کے فیصلے کر دئیے گئے، صارف عدالت نے پندرہ صارفین کو اشیا یا ان کی قیمتیں واپس دلوائیں جبکہ دکانداروں کو ایک لاکھ بیس ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ صارف عدالتیں 2007ءمیں قائم ہوئی تھیں۔ حکومت کی طرف سے کوئی آگاہی پروگرام ترتیب نہیں دیا گیا مگر میڈیا کی وساطت سے شہریوں میں شعور بیدار ہوا ہے اور اب انہوں نے صارف عدالتوں سے رجوع کرنا شروع کر دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کنزیومر کورٹس تحصیل سطح پر بھی بنائی جائیں۔ صارف عدالتوں کی منظوری ضلعی سطح پر بنانے کے لئے دی گئی تھی مگر ابھی پنجاب کے کئی اضلاع ایسے ہیں جن میں ابھی تک صارف عدالتیں قائم نہیں ہو سکی ہیں۔ شیخوپورہ اور ننکانہ بھی ابھی تک صارف عدالتوں سے محروم ہیں۔ اس طرح شہریوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لئے دوردراز کا سفر کرنا پڑتا ہے، مشکلات پیش آتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن