افغان مفاہمتی عمل: 24 سے زائد طالبان کے نام دہشت گرد لسٹ سے نکالنے پر غور
اسلام آباد (آن لائن+نوائے وقت نیوز)افغانستان میں قیام امن کے لئے مفاہمتی عمل کو مزید موثر بنانے کے لئے پاکستان کی جانب سے ایک درجن طالبان رہنماﺅں کی رہائی کے بعد پاکستان،افغانستان اور امریکہ دو درجن سے زائد طالبان کو اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی لسٹ سے نکالنے پر غور کررہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ممالک نے اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی لسٹ سے خارج کرنے کےلئے دو درجن طالبان رہنماﺅں کے ناموں کی فہرست کو حتمی شکل دےدی ہے ۔پہلے مرحلے میں مفاہمتی عمل میں مرکزی کردار ادا کرنے والے طالبان کو دہشت گرد لسٹ سے خارج کرنے کےلئے اقوام متحدہ کو سفارشات بھیجی جائیں گی ۔القاعدہ سے مبینہ تعلقات کی بناءپر 100 سے زائد طالبان کو بلیک لسٹ کیا گیا تھا ۔جن میں افغانستان کی درخواست پر 2010 ءمیں15 طالبان رہنماﺅں کے نام دہشت گردی کی لسٹ سے خارج کئے گئے تھے۔پاکستان‘ افغانستان باہمی مشاورت کے بعد مزید طالبان رہنما¶ں کو رہا کرنے کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔