اسرائیلی جارحیت : لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے جاری‘ جماعت اسلامی نے یوم سیاہ منایا
لاہور (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران) تحریک حرمت رسول، جماعة الدعوة اور دیگر تنظیموںکی طرف سے گذشتہ روز بھی مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا۔ لاہور سمیت کئی شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری رہے جن کے دوران اسرائیل اور امریکی پرچم نذر آتش کئے گئے، اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر کی اپیل پر راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان سمیت پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت، اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کی آزادی کیلئے قربانیوں و شہادتوں اور اتحاد و یکجہتی کا راستہ اختیار کیا جائے۔ مسلم حکمران و عوام اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہیں کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ غزہ میں محصور مسلمانوں پر اسرائیلی حملوں کی محض مذمت سے کچھ نہیں ملے گا۔ دہشت گرد اسرائیل کو امریکی صدر اوباما یورپی ممالک کے حکمرانوںکی کھلی حمایت حاصل ہے۔ جماعة الدعوة کے لاکھوں کارکنان اسرائیلی دہشت گردی سے متاثر ہونے والے اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کیلئے تیار ہیں‘ حکومت ان تک امدادی سامان پہنچانے کیلئے راستہ ہموار کرے۔ عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم ملکوں کے حکمران غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لئے نکلیں۔ مولانا امیر حمزہ، حافظ محمد عاکف سعید، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، قاری زوار بہادر،حافظ عبدالغفار روپڑی، ڈاکٹر فرید پراچہ، قاری محمد یعقوب شیخ،حافظ محمد مسعود، مولانا محمد امجد خاں، پیر نوبہار شاہ، شیخ نعیم بادشاہ، مرزا محمد ایوب بیگ، قاری محمد یوسف احرار، مولانا زاہد محمود قاسمی، پیر اختر رسول قادری، محمد یحییٰ مجاہد، حافظ خالد ولید، مولانا عاصم مخدوم و دیگر نے کہا کہ مغربی ممالک‘ اسرائیل کی پشت پناہی کر کے صرف مشر ق وسطیٰ ہی نہیں پوری دنیا کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔ تحفظ حرمت رسول کی طرح یہودیوں کے منصوبوں و عزائم کو ناکام بنانے کے لئے بھی مسلم امہ میں بیداری کی بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔ مسلم امہ متحد ہو کر فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کے خاتمہ کے لئے تمام تر کوششیں اور وسائل بروئے کار لائے۔ تحریک حرمت رسول اور جماعة الدعوة کی جانب سے گذشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کراچی میں پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ شرکا کی طرف سے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر نوید قمر، حافظ کلیم اللہ اور دیگر نے کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مسلمان متحد و بیدار ہو جائیں۔ ملتان میں جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے سے آصف محمود اخوانی و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکی سرپرستی میں دنیا کا امن تباہ و برباد کرنے پر تلا ہوا ہے۔ غزہ پر کارروائی کے پانچویں روز فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ بحری جہازوں سے بھی میزائل داغے جا رہے ہیں۔ اسرائیل کو قتل و غارت گری کا حساب دینا ہو گا۔ راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے سجاد عباس نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر و فلسطین کو بھرپور انداز میں اٹھائے۔ دنیا میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جن تک امریکہ، اسرائیل اور بھارت کو منہ توڑ جواب نہیں دے دیا جاتا۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اسلامی چیچہ وطنی کے زیر اہتمام جامع مسجد بلاک نمبر 12 کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ساہیوال ڈاکٹر افتخار احمد اعوان اور خان حق نواز خاں درانی نے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں فلسطین عوام پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ مصری صدر محمد مرسی کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے معاملہ بین الاقوامی فورم پر اٹھائے۔
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) غزہ پر اسرائیلی حملہ کے خلاف جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ضلعی امیر انجینئر عظیم رندھاوا ، عباس خاں، افضال شاہین، ملک محمد دین، عرفان گل، میاں اعجاز اور دیگر کی قیادت میں المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار سے چوک گھنٹہ گھر تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاءنے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے عظیم رندھاوا نے کہا کہ معصوم بچوں اور بےگناہ شہریوں کو بمباری کر کے شہید کیا جا رہا ہے، اس بدترین دہشت گردی پر انسانی حقوق کی دعوےدار عالمی تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی معنی خیز ہے۔ امت مسلمہ کے متحد ہونے کا وقت آ گیا۔ تمام مسلمان ایک ہی دن ایک ہی وقت بھر پور احتجاج کرکے غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔ عالمی برادری فلسطینی عوام کے قتل عام کا نوٹس لیتے ہوئے فلسطینی مظلوم مسلمانوں پر جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف موثر آواز بلند کرے ۔ ا و آئی سی کا فوری اجلاس بلایا جائے ۔ پاکستانی حکومت امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے اسرائیلی مظالم کے خلاف سرکاری سطح پر احتجاج کرے اور فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف فوری طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن دے۔ غزہ پر اسرائیلی حملہ بہت بڑی دہشت گردی ہے۔ نہتے مسلمانوں کی بدترین نسل کشی کی جارہی ہے۔ اگر امریکہ اسرائیل کی سرپرستی اور پشت پناہی نہ کرتا تو اسرائیل کو اس طرح نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی جرا¿ت نہ ہوتی ۔ امریکہ کے اسلام دشمن رویے اور مسلم کش پالیسیوں نے یہود و ہنود کو فلسطین اور کشمیر میں معصوم مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے کا موقع دیا ہے۔ دونوں مقبوضہ مسلم علاقوں کی آزادی کی راہ میں امریکہ اور پاکستان میں امریکی آلہ کار حکمران رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے، امریکی غلامی چھوڑ کر متحد ہو جائیں اور خطے میں موجود اسرائیلی ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔