• news

وسیع البنیاد انتخابی اتحاد کے لئے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف سے رابطے ہیں: فرید پراچہ


شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں وسیع البنیاد اتحاد کے لئے جماعت اسلامی کے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے ساتھ رابطے ہیں تاہم انتخابی اتحاد کا حتمی فیصلہ جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ اور مجلس شوریٰ کریگی اس وقت حکمرانوں کا عوامی مینڈیٹ ختم ہو چکا ہے اور وہ ملک میں فی الفور عام انتخابات کا اعلان کر کے ملک کو بند گلی سے نکالیں، ایوان صدر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ صدر مملکت اپنے آئینی منصب کے مطابق کردار ادا نہ کر کے توہین عدالت اور توہین آئین پاکستان کے مرتکب ہو رہے ہیں اگر عدلیہ کی نگرانی میں بھی انتخابات ہوں تو جماعت اسلامی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور یہ ایگزیکٹو سے بہتر انتخابی عمل کو صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ بنا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما پیر سید ارشد ہاشمی کے والد اور جماعت اسلامی کے سابق رہنما سید ولائت شاہ ہاشمی کے انتقال پر ان کی رہائشگاہ پراظہار تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ ترین اور ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑانے والی وفاقی حکومت کو اب عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کر کے آئین پسند، عوام دوست لوگوں کو آگے لائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن